جموں:(نمائندہ خصوصی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں وکشمیر کی مکمل ریاستی شناخت کی بحالی پر زوردیتے ہوئے کہاہے کہ اچھے نظم و نسق کیلئے ریاستی حیثیت کی بحالی ناگزیر ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں میں ایک اجلاس کے بعد چیمبر ہائوس کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمرعبداللہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کو وسیع تر انتظامی اختیارات حاصل ہیں ۔ انہوں نے حکمرانی پر طاقت کے دومراکز کے منفی اثرات کو اجاگر کیا۔انہوں نے واضح کیاکہ ہم جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اس کاوعدہ کشمیر ی عوام سے متعدد بار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں بھی کشمیریوںکو انکا یہ حق دینے کا وعدہ کیاگیاتھا۔