سری نگر:(نمائندہ خصوصی)بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے اور بھارت اپنے غیر قانونی اقدامات کے ذریعے اسکی بین الاقومی حیثیت ہرگز متاثر نہیں کرسکتا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے، یہ تنازعہ اب تک حل نہ ہونے کیوجہ سے نہ صرف کشمیری مسلسل مشکلات کا شکار ہیں بلکہ پورے خطے کو متوار ایک غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔ انہوں نے افسوس کااظہار کیا کہ مسئلے کے حل میں بنیادی رکاوٹ بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل او ر ہٹ دھرمی ہیں۔ترجمان نے بھارتی حکومت اور مقبوضہ علاقے کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ناروا اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوںکو محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اورگھروں پر چھاپوں کی کاروائیوں کے ذریعے مسلسل نشانہ بنایاجا رہا ہے۔انہوںنے تحریک آزادی کیساتھ وابستگی کی پاداش میں کشمیریوںکی جائیدادوں کی مسلسل ضبطی اور ملازمین کی برطرفی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو معاشی طور پر مفلوک الحال اوراپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے پر تلا ہوا ہے۔ترجما ن نے کہا کہ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں میں تیزی لائی ہے ، ان کاروائیوں کے دوران خواتین، بچوں اور معمر افراد سمیت لوگوں کو ٹھٹھرتی ہوئی سردی میں گھنٹوں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبو ر کیا جاتا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کی ان تمام ظالمانہ کارروائیوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلندہیں اور وہ شہداءکے مقدس مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔