اسلام آباد(نمائندہ خصوصی):خواتین پر تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے کنوینر جناب غلام محمد صفی، جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ، سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد سے اپنے ایک مشترکہ بیان کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کے خلاف تشدد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کررہا ہے ،عالمی برادری کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لینا چاہیے ۔خواتین پر تشدد کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد سے جاری مشترکہ بیان میں حریت رہنماؤں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین بھارتی جبری تسلط کی وجہ سے مسلسل ریاستی دہشت گردی، عدم تحفظ ،ظلم و تشدد، خوف و دہشت ، ناانصافی انسانی سوگ اوراذیت کا شکار ہیں۔بھارت نے کشمیری خواتین کے تقدس اور عصمت کو پامال کرنے کیلئے کالے قوانین کے تحت اپنے فوجیوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ خاص طور پر 5 اگست 2019 کے بعد سے مودی حکومت، بھارتی فوج،پیراملٹری اور پولیس اہلکاروں اور خفیہ ایجنسیوں کو کشمیری خواتین کو نشانہ بنانے، حراست میں لینے اور ان کے سماجی، انسانی اور دیگر حقوق کو نظر انداز کرتے ہوئے ان کے بارے میں توہین آمیز کلمات اور تبصروں کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں اپنے مذموم ایجنڈے کو آگے بڑھانے کا نام نہاد قانونی تحفظ حاصل ہے۔انہوں نے کہا 1989 سے اب تک اڑھائی ہزار سے زیادہ خواتین کو شہید اور گیارہ ہزار سے زیادہ عفت ماف خواتین کو بے حرمتی کا نشانہ بنایا ،بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باعث گزشتہ 35 برس میں 23 ہزار سے زائد کشمیری خواتین بیوہ ہوئیں۔ حریت رہنماؤں نے مزید کہا گیا کہ آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت دو درجن سے زائد خواتین گزشتہ پانچ برس سے بدنام زمانہ تہاڑ جیل اور دیگر بھارتی جیلوں میں غیر قانونی حراست کا سامنا کر رہی ہیں۔بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باعث کشمیری خواتین کو ان کے پیاروں کے قتل،گرفتاریوں اور دوران حراست جبری گمشدگیوں کے ذریعے ذہنی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔بھارتی فوجی کشمیریوں کی تذلیل کیلئے خواتین کوروزانہ کی بنیاد پر جنسی طور پر ہراساں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کو کشمیری خواتین کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں اور انکے خلاف گھنائونے جرائم کو روکنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہیے۔ اس دن کی مناسبت سے حریت رہنماؤں نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں خواتین پر جاری بھارتی مظالم ، جاری قتل عام ، بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ناانصافی روکنے کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرے۔