سری نگر:(نمائندہ خصوصی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ کشتواڑ میںشہریوں پر بہیمانہ تشدد میں ملوث بھارتی فوجیوںکا کورٹ مارشل کر کے انہیں سزا دی جانی چاہیے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر تشدد میں ملوث فوجیوں کے خلاف ثبوت موجود ہیں تو انکا کوٹ مارشل ہونا چاہیے۔انہوں نے شہریوں پر تشدد کے سابقہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کا بار بار ہونا باعث تشویش ہے ۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کوماضی میں پیش آنے والے ایسے واقعات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایسا پہلا واقعہ نہیں ہے جب لوگوں کو فوجی کیمپوں میں بلا کر مارا پیٹا گیا ہو ، قبل ازیں بھی ہم نے ایسے واقعات دیکھے ہیں جب لوگوں کو کیمپوں میں بلایا گیا اور تشدد کرکے موت کی نیند سلا دیا گیا۔بھارتی فوج کی 11 اراشٹریہ رائفلز کے بے لگام اہلکاروں نے کشتواڑ میں مغل میدان کے علاقے چاس میں چار بے گناہ شہریوں سجاد احمد، عبدالکبیر، مشتاق احمد اور معراج الدین کو اپنے کیمپ میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ فوجی ان چاروں کو بعد ازاں تشویش حالت میں گاﺅں میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔