مظفرآباد:(نمائندہ خصوصی)نومبر 1947کے شہدائے جموںکو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے مظفر آباد میں ایک ریلی کا انعقاد کیاگیاجس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ر یلی کے شرکا ءنے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شہدائے جموں کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا ۔ ریلی کے شرکا ءنے برہان وانی چوک سے گھڑی پن چوک تک مارچ کیا ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ نومبر1947ءمیںجموں میں ڈوگرہ فوجیوں اور ہندو بلوائیوں کے حملوں میں لاکھوں مسلمان شہید کئے گئے تھے۔ہندو انتہا پسند تنظیموں راشٹریہ سیوک سنگھ ، بجرنگ دل ، شیو سینااور ڈوگرہ فوجیوں نے لاکھوں مسلمانوں کو ہجرت کرنے پر مجبور کیا ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکمرانوں کی مدد سے 6نومبر 1947کو مسلمانان جموں کی منظم نسل کشی کرکے انکی غالب اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام آزادی کے حصول تک بھارتی جبرواستبدادکے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے ۔ مقررین نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام شہدائے جموں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ ریلی سے دیگر لوگوں کے علاوہ حریت راہنما مشتاق احمد بٹ ، پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، مشتاق الاسلام اوربلال احمد فاروقی نے بھی خطاب کیا۔
دریں اثنا جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ و مہاجرین اتحاد فورم کے زیراہتمام میرپور میں” شہدا جموں“ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔کانفرنس کی صدارت نائب چیئرمین جموں کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ قاضی عمران نے کی ۔ کا نفرنس کے مہمان خصوصی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ تھے۔ قاضی عمران جنرل ،پرویز احمد شاہ، راجہ شاہین ،زاہد صفی ، مجید میر، خواجہ ایاز، ظہیر جرال، بشیر احمد شگو ،اعجاز میر، سردار کامران حافظ طالب ایڈووکیٹ اشفاق راجہ سرفراز حاجی عارف مولانا عبد لطیف مولانا عتیق الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نومبر1947میں جموں میں ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا، مسلمانوں کا جرم ہی صرف یہ تھا کہ وہ پاکستان جانا چاہتے تھے۔ انہوںنے شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور مقبوضہ جموںوکشمیر بھارت کے غیر قانونی تسلط سے ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔