سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک ):کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد ثابت قدمی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کو انکے اس بنیادی حق کی ضمانت اقوام متحدہ نے اپنی متعلقہ قراردادوں میں فراہم کی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تجزیہ کاروں نے اپنے بیانات میں اور میڈیا انٹرویوز میں کہاہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی ایک جائز جدوجہد کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی قانون کشمیری عوام کے بھارتی تسلط سے آزادی کے حق کی حمایت کرتا ہے ۔سیاسی ماہرین زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں اپنے حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی توثیق کی گئی ہے۔ کشمیریوںکی جاری جدوجہد آزادی کی بنیاد اقوام متحدہ کے چارٹر اصولوں پر مبنی ہے ۔مبصرین کے مطابق کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد تک جاری رکھیں گے۔ تاہم وہ تحریک آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی بھارتی حکومت کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے دلیل پیش کرتے ہیں کہ اس طرح کے بیانیے کشمیریوں کی جائز خواہشات کو مجروح کرنے کی مودی حکومت کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔