لاہور( بیورو رپورٹ )
کشمیری رہنما عبدالحمید لون نے ملک میں 9 مئی کو ہونے والی پرتشدد کارروائیوں پر پاک فوج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے جناح ہاوس لاہور کا دورہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عبدالحمید لون نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور بیرون ممالک مقسم کشمیر یوں کی طرف سے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی طرف سے پاکستان ، پاک فوج اور پاکستانی عوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آئے ہیں۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ شرپسندوں کے 9 مئی کے تشدد نے تمام کشمیریوں کے جذبات کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ دن پاکستان کی 75 سالہ تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جو دنیا بھر میں ہمارے لیے شرمندگی کا باعث بنا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عظیم دینی ، تہذیبی اور معاشرتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فوج جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے اور اس نے کشمیر پر تین جنگیں لڑیں اور دشمن کو خاک چاٹنے پر مجبور کیا۔ حریت رہنما نے کہا کہ ملک میں نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی جبکہ بھارت نے اس واقعے پر جشن منایا۔ اُنہوں نے اسے دشمن کا ایجنڈا قرار دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ ان لوگوں کا ایجنڈا تھا جنہوں نے پاکستان کو دولخت کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے عوام بھی 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج اگر ہم رات کو سکون کی نیند سوتے ہیں تو یہ پاک فوج کی وجہ سے ہے۔ عبدالحمید لون کے ہمراہ حریت آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنما انجینئر مشتاق محمود ، یوتھ پارلیمنٹ کے صدر محمد ابوبکر اور گلوبل یوتھ کے صدر عبدالقادر بھی تھے۔
انجینئر مشتاق نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے پاکستان بھارت کے خلاف کھڑا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارتی سیاسی تجزیہ کاروں کا بھی ماننا ہے کہ یہ پاک فوج ہی ہے جس نے پاکستان کو متحد رکھا ہے۔