اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی)آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبرکے پہاڑ توڑ رہا ہے اوراس نے مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں وفاقی وزیر امور کشمیراور گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے لیکن بھارت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کر سکتا۔انہوں نے موجودہ حالات میں عالمی فورموں پر مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے بارے میں موثر انداز میں آواز اٹھائی جائیگی اوردنیا بھر میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیاجائیگا ۔ انجینئر امیر مقام نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر پاکستان کی مکمل سیاسی اور سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہاکہ بہادر کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔