برسلز(خصوصی رپورٹ):برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور فراز زیدی نے سفارتخانے میں مقبوضہ کشمیرمیں 27اکتوبر کو منائے جانیوالے یوم سیاہ کے سلسلے میں ایک تصویری نمائش کا افتتاح کیا جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برسلزمیں پاکستان کے سفارتخانے کے مطابق یہ نمائش ایک ہفتے تک جاری رہے گی جس میں کشمیر یوں پر ہونے والے مظالم کے تصویری ثبوت دنیا کے سامنے رکھے جائیں گے ۔نمائش میں مقبوضہ کشمیر کے تلخ زمینی حقائق کو اجاگر کیاگیا جہاں ماورائے عدالت قتل، بلا جواز گرفتاریاں اور بنیادی آزادیوں کو دبانے کے واقعات مسلسل جاری ہیں ۔مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ اس مواد کو اقوام متحدہ، بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں، انسانی حقوق کے رضاکاروں اور عالمی میڈیا کی رپورٹس پر مبنی بنایا گیا ہے، جس میں مقبوضہ وادی میں جاری بربریت کو اجاگر کیا گیا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فراز زیدی نے کشمیری عوام کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا، جو کئی دہائیوں کے جبر و استبداد کے باوجود اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے 27 اکتوبر کی اہمیت پر زور دیا جب بھارتی افواج نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کیا ۔یہ تشدد اور جبر کے ایک نئے باب کو ظاہر کرتا ہے ۔ فراز زیدی نے کہا کہ بھارت کے کشمیر پر قبضے نے بے شمار انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو جنم دیا ہے اور مقبوضہ وادی کے عوام بے پناہ مشکلات کا شکار ہیں لیکن ان ناانصافیوں کے باوجود ان کا حوصلہ کمزور نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس خون ریزی کو روکنے اور بے بس کشمیری عوام کی تکالیف کو ختم کرنے کیلئے بیدار ہونا ہوگا ۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسی نمائشیں عالمی برداری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ نمائش دیکھنے والوں کو کشمیر کے عوام پر ہونے والے انسانی حقوق کے مظالم کی شدت کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور اس طویل مدتی جبر کو اجاگر کرتی ہے جو انہوں نے برداشت کیا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے عزم کو دہرا تے ہوئے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کے مقدمے کی وکالت جاری رکھے گا۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ، بھارتی ظلم و جبر سے آزادی کی جائز جدوجہد کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے ۔برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے میں یہ نمائش ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بحرانی صورتحال کے بارے میں آگاہی فراہم کرتی ہے اور ان ناانصافیوں کے سدبابکے لیے عالمی سطح پر فوری کارروائی کی ضرورت پر غور کرنے کی دعوت دیتی ہے۔