سرینگر۔(مانٹرنگ ڈیسک ):بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی رہنما التجا مفتی نے کہا ہے کہ علاقے میں بننے والی حکومت ” بے دانت شیر “ ہو گی اور اسکا وزیر اعلیٰ ’ربر سٹامپ “ اور بلدیہ کا میئر جیسا ہو گا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق التجا مفتی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر لکھا”لیفٹیننٹ گورنر کو اپنی طرف سے پانچ ارکان نامزد کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جبکہ چیف سیکرٹری اسمبلی کی کارروائی چلانے کے قوائد و ضوابط بدلے گا جس سے ظاہر ہے کہ نئی حکومت ایک ایسا شیر ہوگی جس کے منہ میں دانت نہیں ہونگے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا” بھارتی حکومت جموں وکشمیر سے اور کتنی اتھارٹی اور خودمختاری چھینے گی۔ التجا مفتی نے حالیہ نام نہاد اسمبلی انتخابات میں ضلع اسلام آباد کے بیج بہارہ حلقے سے انتخاب لڑا ہے ۔ وہ پی ڈی پی کی سربراہ اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی بیٹی ہیں۔ یاد رہے کہ تین مراحل میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان آٹھ اکتوبر کو کیا جائے گا۔