جموں(مانٹرنگ ڈیسک ) بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مقبوضہ جموں کشمیر اور بھارت میں 26 مقامات پر چھاپے مارے اور ایک شخص کو گرفتار جبکہ متعدد سے پوچھ گچھ کی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ این آئی اے نے ضلع بارہمولہ میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ اس نے سانگری کالونی بارہمولہ میں مولوی محمد اقبال بٹ کے گھر پر چھاپہ مارا اور چھاپے کے دوران کچھ دستاویزات اپنے قبضے میں لیں۔این آئی اے نے ٹنگمرگ کے علاقے ریشی پورہ میں فاروق احمد وانی کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جو جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں۔این آئی اے نے کہا کہ پلوامہ اور رامبن میں بھی چھاپے مارے گئے اور کئی مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔دریں اثناء این آئی اے نے بھارتی ریاستوں آسام ، مہاراشٹر ، اُترپردیش اور دہلی میں بھی متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور شیخ سلطان صلاح الدین ایوبی عرف ایوبی کو گرفتار کیا۔بیان میں کہا گیا کہ ملزم کو این آئی اے کی خصوصی عدالت پٹیالہ ہاؤس ، نئی دہلی میں پیش کیا جائے گا۔ این آئی اے نے بھارتی ریاست آسام کے علاقے گولپارہ ، مہاراشٹرا کے علاقوں اورنگ آباد ، جالنا اور مالیگائوں ، اُترپردیش کے علاقوں میرٹھ اور سہارنپور اور دہلی میں چھاپے مارے۔