کارگل:(مانٹرنگ ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی طور پرزیرقبضہ جموں و کشمیر میں کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے زیر اہتمام لداخ کے لوگوں کے حقوق کو نظر انداز کرنے پر بی جے پی کی بھارتی حکومت کے خلاف احتجاج کیلئے ایک ریلی نکالی گئی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کارگل کی مختلف سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کی طرف سے ریلی کی حمایت کی گئی تھی۔ مظاہرین نے بھارتی حکومت کے اقدامات خاص طور پر ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک اور دیگر کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی، جنہوں نے یاست کے درجے اور چھٹے شیڈول میں شمولیت سمیت اپنے مطالبات کی حمایت میں لداخ سے نئی دلی تک مارچ کیا تھا۔کارگل میں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کے صدر اور لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے کونسلر ناصر منشی نے اس موقع پر کہاکہ ہم لداخ کے آئینی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ دہراتے رہیں گے۔انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ لداخ کے لوگوں کے مطالبات پر خلوص نیت سے غور کریں۔احتجاجی ریلی یکم اکتوبر کو لداخ میں مکمل ہڑتال کے بعد نکالی گئی ۔ یہ احتجاج یکم اکتوبر کو لداخ میں مکمل بند کے بعد ہے، جس کی کال کے ڈی اے اور لہہ اپیکس باڈی نے مشترکہ طور پر دی تھی۔کارگل ڈیموکریٹک الائنس اورلہہ اپیکس باڈی ریاست کے درجہ، چھٹے شیڈول کے تحت آئینی تحفظات، مقامی نوجوانوں کیلئے ملازمتیں، اور لداخ کے منفرد ثقافتی اور ماحولیاتی ورثے کے تحفظ کا مطالبہ کررہی ہیں ۔