سرینگر(نمائندہ خصوصی ):غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں ہائی کورٹ نے ایک کشمیری طالب علم کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کالعدم قراردیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو اسکی فوری رہائی کا حکم دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہائی کورٹ کے جسٹس سنجے دھر نے ڈگری کالج بانڈی پورہ کے بی ایس سی کے طالب علم وسیم احمد ملک کی پی ایس سے کے تحت غیر قانونی نظر بندی کو کالعدم قرار دیا ۔بانڈی کے علاقے گنڈ رام پورہ کے رہائشی وسیم احمد کو بھارتی پولیس نے 2022میں گرفتار کرکے اس پر کالا قانون لاگو کرنے کے بعد جموں کی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیاتھا۔وسیم احمد ملک کی طرف سے ایڈووکیٹ بشیر احمد ٹاک نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ان کے موکل کی کالے قانون کیک تحت نظربندی بلاجواز ہے کیونکہ اسکے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیاگیاہے۔انہوں نے کہاکہ وسیم ایک طالب علم ہے اور اسکا کسی بھی قسم کی تخریبی سرگرمیوں سے کوئی تعلق نہیں ۔ عدالت کے جج جسٹس سنجے دھر نے دونوں اطراف کے دلائل سننے کے بعد وسیم کی رہائی کاحکم جاری کیا۔