اسلام آباد:(مانٹرنگ ڈیسک )معروف برطانوی اخبار” دی گارڈین“ نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے ہوئے تشدد کا ذکر کرتے ہوئے علاقے میں امن واماں کی بحالی کے بھارتی حکومت کے دعوﺅں کو قطعی طور پر غلط اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔اخبار نے لکھا کہ کشمیری آزادی پسندوں نے جدید ہتھیاروں اور موثر گوریلا حربوں کا استعمال کرتے ہوئے قابض بھارتی فورسز کو حیران وپریشان کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رپورٹ میںکہا گیا کہ آزادی پسندوں کے حملوں نے بھارتی فوج کو زچ کر رکھا ہے ، اسکے حوصلے پست ہو چکے ہیں اور اسے اعلیٰ تربیت یافتہ عسکریت پسندوں کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کرنے میں مشکلات کا سامناہے۔ اخبار نے لکھا کہ حریت پسندوں نے قابض بھارتی فورسز کو ناکوں چنے چبوا دیے ہیں، نام نہاد اسمبلی انتخابات سے قبل کشمیر میں حریت پسندوں کے حملے تیز ہو گئے ہیں، کشمیری حریت پسند پہلے سے کہیں زیادہ پرعزم ہیں جبکہ بھارتی فورسز کا مورال پست ترین سطح پرہے۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ کشمیری مجاہدین بھارتی فورسز کے خلاف جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کر رہے ہیں اور اپنے اہداف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بناتے ہیں،کشمیری مجاہدین اب بہت بہتر تربیت یافتہ ہیں۔
اخبار لکھتا ہے کشمیری مجاہدین جنگی ساز و سامان کی ترسیل کیلیے ڈرونز استعمال کرتے ہیں اور باڈی کیمروں کا استعمال کرتے ہوئے اپنے حملوں کی عکس بندی بھی کرتے ہیں۔رپورٹ میں لکھا گیا کہ بھارتی فوج تسلیم کرتی ہے کہ عسکریت پسندوں کے پاس جدید ترین ہتھیار ہیں اور انکے ہائی ٹیک اور اسٹریٹیجک حملوں نے فوج کو حیران و پریشان کر دیا ہے ، فوج حکومت سے اضافی نفری طلب کر رہی ہے۔خبار نے مزید لکھا کہ آزادی پسندوں کے حملے نئے نئے علاقوں تک پھیل گئے ہیں جن میں جموں کا قدرے پرامن ہندو اکثریتی علاقہ بھی شامل ہے۔ گارڈین کی رپورٹ میں 2019میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے مودی حکومت کے فیصلے کو تازہ حملوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا جس سے تکنیکی طور پر مضبوط نئے گروپ نمودارہوئے ہیں اوربھارتی فوج بھی تسلیم کرتی ہے کہ یہ نئے گروپ انتہائی تربیت یافتہ اور غیر معمولی ہیں۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ کشمیری مجاہدین کی نئی حکمت عملے نے بھارتی فوج اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو مشکل میں ڈال دیا ہے، کشمیریوں کی جدوجہد منصفانہ اور جائز ہے ، وہ اپنے پیدائشی حق ، حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جسے اقوام متحدہ نے تسلیم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔