اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے کشمیری صحافیوں کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال اور مودی حکومت کیطرف سے علاقے میں رچائے جانے والے نام نہاد اسمبلی انتخابات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اس حوالے سے اسلام آباد میں اپنے صدر دفتر میں ایک غیر رسمی سیشن کا انعقاد کیا ۔ سیشن کا آغاز حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد نے اپنے افتتاحی کلمات سے کیا۔ اس کے بعد سینئر حریت رہنما محمد فاروق رحمانی نے سیشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے نام نہاد اسمبلی انتخابات کے پیچھے کارفرما مذموم بھارتی مقاصد سے پرنٹ اور الیکڑانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو آگاہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کا کارپوریٹ میڈیا اپنی من گھڑت رپورٹنگ کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا ہے۔تاہم عالمی برادری علاقے کی اصل صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہے اور بھارتی اقدامات پر اس کی گہری نظر ہے ۔انہوںنے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کا مین سٹریم پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا بھارتی میڈیا کی جھوٹی خبروں اور رپورٹنگ کا پردہ چاک کرے ۔محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس تحریک آزادی کشمیر کی نمائندگی کرتی ہے ، بھارت نے کشمیریوں کے احساسات ، جذبات کی بھر پور نمائندگی کی پاداش میں حریت کانفرنس کی اعلیٰ قیادت کو برسہا برس سے جیلوںمیں بند کر رکھا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ہم تحریک آزادی کیخلاف بھارتی سازشوں اور ریشہ دانیوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید فروغ دیں۔ایڈوکیٹ پرویز احمد نے کہا کہ حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی جبر و استبداد اور غیر قانونی اقدامات کا پردہ چاک کرنے کیلئے آزاد کشمیر اور پاکستان کے مختلف شہروں میں مختلف پروگرامات کا انعقاد کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں بہت جلد گلگت بلتستان میں بھی بھرپور انداز میں مہم شروع کی جائے گی-کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں زاہد صفی، شیخ محمد یعقوب، اعجاز رحمانی، امتیاز وانی اور سید گلشن نے بے گناہ کشمیریوں پرڈھائے جانیوالے مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے صحافیوں کو مختلف تجاویز پیش کیں۔