سری نگر(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں لوگوں نے ” یوم دفاع پاکستان “کے موقع پر 1965 کی جنگ کے پاکستانی شہداءکو دلی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ آج جب پاکستان اپنا یوم دفاع منا رہا ہے، مقبوضہ جموںوکشمیر کے رہائشی 1965 میں بھارتی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع میں پاکستانی فوجیوں اور شہریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیری عوام اس موقع پر پاکستان کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔پورٹ میں کہا گیا کہ یوم دفاع بہادری وشجاعت کی ایک لازوال داستان ہے ، اس دن پاکستانی حکومت، مسلح افواج اور عوام مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر جغرافیائی ، ثقافتی ، تہذیبی و تمدنی غرض ہر لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے جس کے ایک بڑے حصے پر بھارت نے غیر قانونی طورپر قبضہ جما رکھا ہے ، کشمیری 1947 سے اپنی سرزمین کو بھارتی چنگل سے آزاد کرانے کے لیے کوشاں ہیں۔ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے درمیان گہرے مذہبی، تاریخی، ثقافتی اور جغرافیائی رشتے یہ واضح کرتے ہیں کہ کوئی بھی طاقت کشمیریوں کی پاکستان کا حصہ بننے کی جائز خواہش کو ناکام نہیں بنا سکتی۔ کشمیریو ں کی تحریک دراصل تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور انکی جدوجہد دراصل تکمیل پاکستان کی جدوجہد ہے۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے اپنے بیانات میں کہا کہ 1965 میں جب بھارت نے پاکستان کے وجود کو چیلنج کیا تو پاکستانی مسلح افواج اور پوری قوم پوری قوت سے بھارت کی جارحیت کے خلاف کھڑی ہوئی اور اس کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاءکرتے ہوئے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا تنازعہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا بنیادی سبب ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیے بغیر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا معمول پر آنا ناممکن ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماوں نے 1965 کی جنگ کے پاکستانی شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے وطن کا بھر پور دفاع کرتے ہوئے دشمن بھارت کو ایک دندان شکن جواب دیا۔انہوںنے کشمیریوںکی بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔