اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی )اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس کیمرون کے دارالحکومت یائوندے میں شروع ہوگیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنونیر غلام محمد صفی بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں ۔ اجلاس میں غلام محمد صفی مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم و ستم اور ریاستی دہشت گردی سے آگاہ کریں گے۔ وہ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی تشخص کو تبدیل کرنے اورمقبوضہ علاقے کو ایک ہندو ریاست بنانے کے حوالے سے بھی آگاہ کرینگے۔بھارت مقبوضہ کشمیرمیں تیزی کے ساتھ آبادی کے تناسب کوبگاڑنے کی اپنی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں کشمیریوں کے قتل عام کے علاوہ لاکھوں غیر کشمیری ہندوئوں کومقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کئے گئے ہیں ۔ مودی حکومت کی اس مذموم سازش کا مقصدمقبوضہ علاقے میں ایک ہندو زیر اعلیٰ کو لانے کی راہ ہموار کرنا ہے ۔