سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک ) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے خطہ کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل،مجدد، مصلح اور روحانی پیشوا حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدوم کشمیری کے یوم وصال پر انکی گرانقدر دینی ، تبلیغی اور اصلاحی خدمات پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حضرت سلطان العارفین کو وادی کشمیر کاایک بلند پایہ ولی کامل ، خدا رسیدہ درویش اور عظیم مصلح قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضرت مخدوم کشمیری نے پوری زندگی اسلامیان کشمیر کی اصلاح اور تزکیہ نفس میں صرف کی اور مقبوضہ کشمیر میںایک روحانی، تجدیدی اور عرفانی انقلاب برپا کیا۔ میرواعظ نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ کشمیری نے اپنے مبارک دور میںاسلامی تعلیمات ، انسانیت ،شرافت ،اخلاق ، رواداری اور انسان دوستی و ہمدردی کے پیغام کو عام کیا اور ایک صالح معاشرہ کے قیام میں کلیدی اور بنیادی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ انکی گرانقدر خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائیگا۔انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت مخدوم کی تعلیمات جو قرآن و حدیث کا خلاصہ ہیں اور حضرت کی سیرت، کردار و عمل اور ہدایات کو سامنے رکھ کر بزرگان دین کی انسان دوستی اور خدمت خلق کے پیغام کو عام کریں ۔