سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی نے اپنے منشور میں دفعہ370اور 35اے کی بحالی اور کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 2019میں دفعہ370اور 35Aکی غیر آئینی اور غیر قانونی منسوخی نے تنازعہ کشمیر کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جس سے خطے کے لوگوں کا احساس محرومی مزید گہرا ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ان آئینی ضمانتوں اور جموں و کشمیرکی اصل حیثیت کو بحال کرانے کے لیے پرعزم ہے جنہیں غیر منصفانہ طوپر ختم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ لوگوں کی آواز سنی جائے اور ان کے حقوق کا تحفظ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان سفارتی کوششوں، تنازعات کے حل، اعتماد سازی کے اقدامات ،علاقائی تعاون اورتجارت اور سماجی تبادلوں کے لیے کنٹرول لائن کے اس پار رابطوں کے قیام کا وعدہ کیا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ان کی پارٹی سیاسی اور سماجی کارکنوں، صحافیوں، سول سوسائٹی کے ارکان اور شہریوں کی غیر منصفانہ گرفتاریوں کو روکنے کے لیے پبلک سیفٹی ایکٹ، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون اور آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کی منسوخی کے لیے کوشش کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ وہ وقف بورڈ کو اس کی اصل حالت میں بحال کرے گی اوراس میں شفافیت اورجوابدہی کو یقینی بنائے گی اور اس کی توجہ کمیونٹی کی بہتری پر مرکوز ہوگی۔