سری نگر:(نمائندہ خصوصی ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند رہنماوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں دیر پا امن و اسلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے اپنے پیغامات میں کہا کہ بھارت مظالم کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کی منصفانہ جدوجہد سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ انہوںنے کہا کہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اور بھارت اپنی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل سے اسکی متنازعہ حیثیت ہرگز تبدیل نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا تنازعہ کشمیر ایک حقیقت ہے جس سے جنوبی ایشیا میں امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں لے گیا تھا اور اس نے اس مسئلے کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی پاس کر دہ قراردادیں بھی منظور کر لی تھیں لیکن آج تک ان قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند رہنماﺅں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ بھارتی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کا نوٹس لے اور مسئلے کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اس پر دباﺅ ڈالے۔