اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی ) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ نے تنازعہ کشمیر کو اجاگرکرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے میں کشمیرمیڈیا سروس کے کردارکو سراہا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد میں کے ایم ایس کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر میں میڈیا کے کردار کو اجاگرکیا۔مشتاق احمد بٹ نے تحریک آزادی کشمیر میں کے ایم ایس کے کردارکی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم ایس تحریک آزادی کشمیر کے حواے سے میڈیا کے محاز پر انتہائی اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کے لئے کے ایم ایس کی پوری ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔انہوں نے کہاکہ کے ایم ایس مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے لانے میں ہمہ وقت سرگرم رہتا ہے اور بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرتا ہے۔ اس موقع پر سوشل میڈیاسمیت ڈیجیٹل محاذ پر سرگرم کردار ادا کرنے اور نوجوان نسل کو تحریک آزادی میں شامل کرنے کی ضرورت پرزوردیاگیا تاکہ بھارتی میڈیا کے منفی پروپیگنڈے کا مقابلہ کیا جاسکے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کی طرف سے حال ہی میں منعقد کئے گئے کامیاب پروگراموں کو بھی سراہا گیا اوراس طرح کے پروگراموں کو جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پرحریت رہنماامتیاز وانی،محمد شفیع ڈار،شیخ عبدالماجد، سید گلشن،عبدالمجید، محمد شہباز،رئیس میر،محمد ارشد ، شوکت علی ، عبدالعزیز،خالد شبیر بھی موجود تھے۔