مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) بھارتی جیل میں مقید آزادی پسند راہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے مظفرآباد میں مہاجر بستی کا دورہ کیا۔ جہاں پر پاسبانِ حُریت کے وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم ، شعبہ خواتین کی سربراہ مہناز قریشی ، پرنسپل ریڈ فاؤنڈیشن خواجہ محمد صادق ، معلمات شہناز قاضی ، رفعت فاروق ، نسرین الطاف ، عاصمہ بی بی ، کوثر حاکم دین ، محمد فیاض خان ، فیصل فاروق شیخ ، محمد اسحاق شاہین سمیت بڑی تعداد میں خواتین بچوں اور بچیوں نے انکا استقبال کیا۔ مشعال حسین ملک نے کشمیری مہاجرین کے بچیوں اور بچوں سے فرداً فرداً ہاتھ ملایا انہیں گود میں بٹھا کر حوصلہ افزائی کی۔ اُنہوں نے شرکاء سے مل کر "رہا کرو رہا کرو یاسین ملک کو رہا کرو” ، "ہم لے کر رہیں گے آزادی” ، "بھارتیو غاصبو جموں کشمیر چھوڑ دو” کے فلک شگاف نعرے بلند کیئے۔ مشعال حسین ملک نے مقبوضہ کشمیر کی حالتِ زار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیری عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ بھارتی فوجی نہتے کشمیری شہریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ محمد یاسین ملک کے جذبہ حریت کو توڑنے کیلئے بھارتی حکومت انہیں مسلسل انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے ۔انکا کہنا تھا کہ یاسین ملک پہلے ہی غیرقانونی طور ہر تہاڑ جیل میں عمرقید کاٹ رہے ہیں۔ اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کی آزادی تک ہم اپنی جدوجہد کو ہر صورت میں جاری رکھیں گے۔ عثمان علی ہاشم ، مہناز قریشی ، خواجہ محمد صادق اور دیگر نے گفتگو میں کہا کہ بھارت کے زیرقبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر دنیا کی خاموشی اہل کشمیر کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ، انکا کہنا تھا کہ محمد یاسین ملک سمیت دیگر کشمیری اسیران کیخلاف بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات پر انسانی حقوق کی تنظیموں کو اپنا منصفانہ کردار ادا کرنا چاہئیے ۔ بھارتی حکومت نے یاسین ملک سمیت ہزاروں کشمیری شہریوں کو غیرقانونی طور پر قید میں رکھا ہے۔ جن کی رہائی کیلئے بھارتی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ مقررین نے مشعال حسین ملک کو یقین دلایا کہ اہل کشمیر یاسین ملک کے معاملے میں آپکے ساتھ کھڑی ہے۔