سرینگر :(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آج مودی انتظامیہ کی طرف سے عائد کر دہ سخت پابندیوں کے باوجودپاکستان کا یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا۔کشمیریوں نے ایک مرتبہ پھر بھارت پر واضح کر دیا کہ وہ اسکے جابرانہ تسلط سے آزادی اور پاکستان میں شامل ہونے کے خواہاں ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی کشمیر اور جموں خطے کے مختلف حصوں میں لوگوں نے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ مختلف علاقوںمیں لوگوں نے پوسٹر چسپاں کیے جن کے ذریعے مملکت خداداکو اسکے یوم آزادی پو بھر پور مبارک دی اورکلمہ واحد کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والی مملکت کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ لوگوں نے پاکستان حق میں اور بھارتی قبضے کیخلاف نعرے بھی لگائے۔
تحریک خواتین کشمیر کی رہنما حفضہ بانو نے مقبوضہ وادی کشمیر کے جنوبی ضلع اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران اسلامی جمہوریہ پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی فورموں پر کشمیریوں کی بھر پو رنمائندگی کر رہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ناگزیر ہے۔ تقریب کے مقررین نے پاکستان کی سلامتی ، امن اور ترقی کیلئے دعا کی۔دیگر کئی حریت جماعتوں نے بھی سری نگر اور دیگر علاقوں میںپاکستان کا یوم آزادی بھر پور طریقے سے منایا۔ اس حوالے سے منعقد کی گئیں تقاریب سے حریت رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جبر کشمیریوں کے عزم کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیرکا ایک اہم فریق ہے اور وہ عالمی سطح پر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی موثر وکالت کر رہا ہے جس پر کشمیری اسکے انتہائی مشکور ہیں۔انہوںنے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کل بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر ایک مرتبہ پھر بھارت پر واضح کر دیں کہ وہ اسکے ساتھ ہرگز نہیں رہنا چاہتے۔