سرینگر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی گھر میں مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کی ہے۔
میر واعظ عمر فاروق 05 اگست 2019 سے سرینگر میںگھر میں نظر بند ہیں۔
انجمن اوقاف نے آج سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی انتظامیہ نے میر واعظ کو آج ایک بار پھر جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ اپنی غیر قانونی نظر بندی کی وجہ سے دینی، اصلاحی و تعلیمی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہیں جو انتہائی افسوس ناک ہے۔
انجمن اوقات نے بیان میں مزید کہا کہ انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر ہیں ، اگر واقعی ایسا ہے تو میر واعظ کو نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جامع مسجد جانے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔
بیان میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت بین الاقوامی اداروں سے میرواعظ عمر فاروق کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے