سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک ) :غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مساجد سے اتحاد امت کا پیغام دیاجانا چاہیے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر کے علاقے عالی کدل میں تاریخی مسجد حاجی عبدالسلام قلندر صاحب قطب الدین پورہ کی تعمیر نو کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس مساجد ہی ایسے مراکز کی صورت میں موجود ہیں جن سے مقامی اور عالمی سطح پر ہم اتحاد ملت اور بلا امتیاز انسانیت کی اصلاح و فلاح کے پیغامات کو عام کرسکتے ہیں۔ انہوںنے مساجد کو عبادت الہی کے ساتھ ساتھ سماج اور معاشرے کی اصلاح اور دینی، ملی ، سماجی اور سیاسی سرگرمیوںکا مرکز بنانے پر زور دیا۔انہوںنے کہاکہ بنیادی طورپر دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے مسجد نبوی ۖ ایک رول ماڈل ہے جہاں حضور نبی کریم ۖ نے عبادت کے ساتھ ساتھ ایک اسلامی ریاست کی بنیاد ڈالی۔میرواعظ عمر فاروق نے کہاکہ نبی کریم ۖ نے ایسی پر امن اور ہمہ گیر تحریک کے ذریعے دور جاہلیت کی تمام برائیوں اورفرسودہ رسومات کا قلع قمع کر کے پورے عرب معاشرے کو تبدیل کر دیا۔انہوں نے ہر مسجد کے ساتھ دینی درسگاہ کے قیام کی اہمیت پر بھی زوردیا تاکہ ایک بہتر اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کیلئے نوجوان نسل کو مروجہ علوم کے ساتھ ساتھ دینی اور اخلاقی علوم سے بھی بہرہ ور کیاجاسکے ۔