سری نگر:(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں، گھروں پر چھاپوں اور بلا جواز گرفتاریوں کی حالیہ لہر کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈدکیٹ عبدالریشد منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پلوامہ اور اسلام آباد اضلاع میں گھروں پر چھاپوں کے دوران پانچ نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کی جھوٹے الزامات پر برطرفی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت غیر قانونی بھارتی قبضے کی چیلنج کرنے کی پاداش میں کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی صورتحال انتہائی سنگین ہے اور قابض بھارتی فورسز اہلکاربے گناہ کشمیریوں کے خلاف انتہائی سنگین جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔دریں اثنا، جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ نے سری نگر میں ایک بیان میں شہر کے علاقے مائسمہ میں تنظیم کے رہنما شیخ معراج الدین کی رہائش گاہ پر بھارتی فورسز اہلکاروں کے چھاپے کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض اہلکاروں نے چھاپے کے دوران شیخ معراج الدین کے اہل خانہ کو سخت ہراساں کیا اور گھریلواشیاءکی توڑ پھوڑ کی ۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز ہرگز نہیں دبا سکتا۔