سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقے کنگن میں زمین دھنسنے کے بعد لوگوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی لوگوں نے میڈیا کو بتایاہے کہ کنگن کے علاقے بونی باغ میں اچانک زمین دھنسنے کے بعد لوگوں میں شدید خو ف وہراس پھیل گیا ہے اور انہوںنے اپنی جانیں بچانے کیلئے علاقے سے نقل مکانی شروع کردی ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ 2020میں بھی اسی مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے بعد زمین دھنسنے سے ایک شاپنگ کمپلیکس کو نقصان پہنچاتھا۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت قابض انتظامیہ نے متاثرین کو زمین فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن ابھی تک قابض انتظامیہ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ہے ۔مقامی لوگوں نے قابض انتظامیہ سے اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات پرزوردیا ہے ۔ علاقے سے بڑی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہور ہے ہیں ۔