اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ):کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے کہا ہے کہ بھارت بدترین ظلم وتشدد اورطاقت کے وحشیانہ استعمال سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے رہنمائوں امتیاز وانی اورزاہد اشرف نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے آئے روز قابض فوجیوں کی تعداد بڑھا رہا ہے جو انتہائی تشویشاک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی زمینوں پرقبضے کیلئے مقبوضہ علاقے کو فوجی چھائونی میں تبدیل کررہا ہے اور اب قابض فوجیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں زمینیں بھی الاٹ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل جاری کرکے علاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزورکرنے میں ناکام رہا ہے ۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے کیونکہ کشمیریوں نے اس کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں دھت بھارتی فوجی کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کوجعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خوہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کوحل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار اداکرے تاکہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات مل سکے۔