جموں: (مانیٹرنگ ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع ریاسی میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کردی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے ہفتے کے روز ضلع کے علاقے بدائوپونی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ ایک پولیس افسر نے بتایاکہ بھارتی فوجیوں اورپیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے مشترکہ طورپر آپریشن شروع کیا ہے۔بھارتی فوجیوں نے گزشتہ دو ماہ سے جموں خطے کے کٹھوعہ، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ، ریاسی، سانبہ، ادھم پور، جموں اور رامبن اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔بھارتی فوج نے آزادی پسند کشمیریوں کو دبانے کے لئے ان تمام اضلاع میں ایلیٹ پیرا کمانڈوز، بارڈر سکیورٹی فورس اور پہاڑی علاقوں میںجنگ کے ماہر 6ہزارسے زائد اعلیٰ تربیت یافتہ اہلکارتعینات کئے ہیں۔