سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک ) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ مودی کی بھارتی حکومت غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے تمام آئینی اور جمہوری حقوق چھیننے کے بعد کشمیر ی عوام کو ہر سطح پربے اختیار بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت ریاست جموںوکشمیر اوراسکے عوام کو بے اختیار کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5اگست2019کوجموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے پر غیر کشمیری بھارتی افسر شاہی کا نظام مسلط کرکے عوام پر ناانصافیوں کے پہاڑتوڑے جارہے ہیں اور کشمیریوں کو درپیش مسائل کے حل کی قابض انتظامیہ کو بالکل بھی کوئی فکر نہیں ہے ۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ مودی حکومت کشمیریوںکو اقتصادی بدحالی کے بھنور میں دھکیل رہی ہے، عوام کوپانی ، بجلی،صحت ، تعلیم اور سڑک جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں اور نوجوانوں کے روزگار کے مواقعوں پر دن دھاڑے ڈاکہ زنی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرنے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزیدفروغ دینا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ اس مقصد کیلئے نیشنل کانفرنس کی مضبوطی انتہائی ضروری ہے اور اس کیلئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہوگی ۔