سرینگر(مانیٹرنگ ڈیسک ) :بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جاری محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں کے باعث علاقہ کسی اجڑی ہوئی بستی کا منظر پیش کر رہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں 10 لاکھ سے زائد فورسز اہلکارتعینات کررکھے ہیں جنہوں نے مقبوضہ علاقے میں ہر طرف محاصروں اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فوجی آپریشنزکی وجہ سے راجوری، پونچھ، ڈوڈہ، کٹھوعہ، ریاسی اور کپواڑہ جیسے اضلاع شدیدمتاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کو قابض بھارتی فوجیوں کی وحشیانہ کارروائیوں کا روز سامنا کرنا پڑتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ فورسز اہلکارتلاشی آپریشنز کے دوران لوگوں کو بڑے پیمانے پر ہراساں اور بے گناہ نوجوانوں کو قتل اور گرفتار کرتے ہیں ، فوجی گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو ہراساں اور گھریلو اشیا کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں جبکہ رہائشی مکانات کو بھی بارودی مواد کے ذریعے تباہ کیا جاتا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ ان وحشیانہ کارروائیوں کا مقصد بھارتی تسلط کو چیلنج کرنے کی پاداش میں کشمیریوں کو انتقام کانشانہ بنا نا اور انہیں تحریک آزادی سے دور رکھنےکے لئے خوف و دہشت میں مبتلا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے سفاکانہ اقدامات نے مقبوضہ علاقے میں پہلے سے ہی سنگین صورتحال کو مزید بگاڑ دیا ہے،تاہم کشمیری مصائب ومشکلات کے باوجود اپنی جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی جارحیت کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو جبر و استبداد سے چھٹکارا دلانےکے لئے مداخلت کرتے ہوئے بھارتی فورسز کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کے حل کو یقینی بنانےکے لئے کردار ادا کرے۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبدالمجید نے ایک بیان میں بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیر کے مختلف اضلاع میں ہزاروں کنال اراضی سرمایہ و صنعت کاری کی آڑ میں غیر ریاستی لوگوں کو دینے کے مذموم منصوبے کی شدید مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے اور مقامی آبادی کو پسماندہ کرنے کی ایک واضح کوشش ہے۔حریت رہنما نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کو اس طرح کے کشمیر کش اقدامات سے باز رہنے پر مجبور کرے ۔