نئی دہلی:(مانیٹرنگ ڈیسک ) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین مسرت عالم بٹ نے 19 جولائی کو کشمیر کی تاریخ کا ایک دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ تاریخی دن ہے جب کشمیری قیادت نے متفقہ طور پر اپنے مستقبل کو مملکت خداداد پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا فیصلہ کیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ الحاق پاکستان کی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے غیر مشروط محبت کا ثبوت ہے۔انہوں نے19جولائی کی ” الحاق پاکسان “ کی قرار داد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ جموںوکشمیر کی تاریخ کا ایک ایسا اہم دن ہے جب 1947میں اس روز کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے پاکسان کے باقاعدہ طور پر معرض وجود میں آنے سے پہلے سرینگر کے علاقے آبی گزر میں آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے رہنما سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر جموںوکشمیر کے پاکستان کیساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور سیاسی مستقبل کی وابستگی کے اظہار کیلئے ہر سال 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے طور پر بھر پور طریقے سے مناتے ہیں ۔ مسرت عالم بٹ نے کہا کہ الحاق پاکستان کی قرارداد کشمیریوں کی پاکستان سے غیر مشروط محبت کا ثبوت ہے،کشمیری عوام مملکت خداداد پاکستان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں جس کا اندازہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کی سبز پرچم میں تدفین ، مظاہروں میں پاکستانی پرچموں کی بہار ، پاکستان سے رشتہ کیا لالہ الا اللہ کے نعرے اور پاکستان کے ہر قومی دن کو جوش و جذبے سے منائے جانے والے جیسے اقدامات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت یا کوئی اور طاقت کشمیریوں کے دلوں سے مملکت خداداد کی محبت ہرگز ختم نہیں کرسکتی ۔ انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ ایک روز ضرور ختم ہو گا اور جموںوکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ مسرت عالم بٹ نے کشمیریوں کی بے مثال قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں نے بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوںبڑے پیمانے پر قتل و غارت کا سامنا کیا لیکن حق خود ارادیت کیلئے انکی جدوجہد میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ انہوںنے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانیت کے خلاف جاری سنگین جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی انصا ف پسند اقوام کو کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ انہوں نے جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب جموں وکشمیر پر بھارت کا غیرقانونی قبضہ ختم ہو گا اورپورا جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔