مظفرآباد (ک ایم ایس) جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) نے تنظیم کےغیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک کی کشمیر کاز کے لیے خدمات کو سراہا ہے ۔بھارت کی کینگرو عدالت کیطرف سے محمد یاسین ملک کو ایک جھوٹے مقدمے میں عمر قید کی سزا کا آج ایک برس مکمل ہو گیا۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) کی ایک عدالت نے محمد یاسین ملک کو ایک من گھڑت مقدمے میں 25مئی 2022کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
جے کے ایل ایف کے ترجمان محمد رفیق ڈار نے ایک بیان میں محمد یاسین ملک کو ثابت قدمی کی علامت قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کیلئے یاسین ملک کی قربانیاں ایک قابل فخر اثاثہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں میں بھارتی ریاستی جبر اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ظلم کی سیاہ رات ضرور ختم ہو گی اور بھارت کا غرور ضرور خاک میں مل جائے گا۔ انہوںنے بھارتی عدالت کی طرف سے حکومت کے حکم پر یاسین ملک کو عمر قید کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو جارحانہ پالیسیوں سے کچھ حاصل نہیںہو گا۔ محمد یاسین ملک کے عزم وہمت کو خراج تحسین اور سلام پیش کرنے کیلئے آج مظفرآباد میں مرکزی پریس کلب کے باہر بھارت مخالف مظاہرہ کیا گیاجس کی قیادت پارٹی کے نائب چیئرمین خواجہ سیف الدین نے کی۔ احتجاج میں جے کے ایل ایف کے کئی رہنماﺅں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق جے کے ایل ایف کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بیلجیئم کے شہر برسلز میں یورپی پارلیمانی ہیومن رائٹس کمیٹی کی سربراہ محترمہ ماریہ ارینا سے تفصیلی ملاقات کی۔ وفد نے انہیں کشمیر کے سیاسی اور تاریخی پس منظر سے آگاہ کیا۔