لندن(مانیٹرنگ ڈیسک ):کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماسیدیوسف نسیم نے کہا ہے کہ برطانیہ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید یوسف نسیم نے لندن میں ایک بیان میں کہاکہ چار جولائی کو برطانوی عام انتخابات میں لاکھوں کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن ایسے امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں جو اس دیرینہ تنازعے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ عالمی برداری کے سامنے مسئلہ کشمیر اور فلسطین دو ایسے تنازعے ہیں جن کا حل نہ ہونا تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتا ہے اوربرطانیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے ان تنازعات کے حل میں ہم کردارادا کرسکتا ہے ۔سید یوسف نسیم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر برطانیہ کا ہی وجہ سے پیدا ہواتھا اور اس تنازعے کو حل کروانے میں برطانیہ ہی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ انتخابات میں کشمیری اور پاکستانی تارکین وطن ایسی سیاسی جماعتوں کو سپورٹ کریں جو دنیا میں تنازعات کے حل ،امن اورانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر نوٹس اورمحکوم قوموں کی آزادی، علاقائی تنازعات کے باہمی حل اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کیلئے اپنا کردار کر سکتی ہیں۔حریت رہنماء نے کہا کہ سلامتی کونسل مشرقی تیمور اورجنوبی سوڈان کی طرح کشمیریوں کو انکاغیر مشروط حق خودارادیت دلواکر اور تنازعہ فلسطین کو دو ریاستی فارمولے کے ذریعے حل کرناچاہیے ۔