سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ میں ایک کشمیری کو دوران حراست شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے امتیاز احمد پالہ کو پلوامہ کے لتر تھانے میں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اسکی موت واقع ہو گئی۔ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں کہاگیا کہ وحشیانہ تشدد کی وجہ سے حالت بگڑنے پر پولیس نے امتیاز کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروںنے اسے مردہ قرار دیدیا۔متوفی کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس نے امتیاز کو منگل کے روز حراست میں لیا تھا اور تھانے میں انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں وہ جانبق ہو گئے۔ اہلخانہ نے واقعے کی غیر جانبدارانہ اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں کشمیر پیپلز لیگ سمیت دیگر آزادی پسند جماعتوں نے پلوامہ میں نوجوان کی پولیس حراست میں موت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے شہید نوجوان کو خراج عقیدت پیش کرتے انکے اہلخانہ کیساتھ اظہار یکجہتی کیا ۔