اسلا م آباد:(نمائندہ خصوصی )اسلا م آباد میں ایک تقریب کے مقررین نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی بھارتی آزادی کیلئے جدوجہد تیز کرنے کا عزم ظاہرکیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار مقررین نے ورلڈ فورم فارپیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین اورامریکہ میں مقیم کشمیری رہنماڈاکٹر غلام نبی فائی کے اعزاز میںآج اسلام آباد میں منعقدہ ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔استقبالیے کا اہتمام اقوام متحدہ میں پاکستان کونسل فار سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کے مستقل مندوب ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری نے کیاتھا۔مقررین میں ڈاکٹر غلام نبی فائی اورپیر علی رضا بخاری کے علاوہ حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنونیر محمود احمد ساغر، صدر تحریک کشمیر برطانیہ راجہ فہیم کیانی و دیگر شامل تھے ۔ مقررین نے کہاکہ5اگست 2019کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے باوجودعالمی سطح پرجموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کوحل کرنے کی ضرورت ہے۔مقررین نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کیلئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو آزادانہ طور پر اپنے حق خودارادیت کے استعمال کا موقع فراہم کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے فلسطین اور جموں و کشمیر کے تنازعات کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل پرزوردیا۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے نفاذ ،انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، شہریوں کی گرفتاریوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سیاسی رہنمائوں کی مسلسل نظربندوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔مقررین نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیر ایکشن پالیسی مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی آوازکوسفارتی سطح پر پوری دنیا میں پہنچایاہے اورکشمیریوں کودرپیش مشکلات اور قربانیوں کو اجاگر کیا ہے۔ مقررین نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے پر ڈاکٹر غلام نبی فائی کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے کہاکہ ڈاکٹر فائی نے کشمیر کے حقیقی سفیر کا کردار ادا کیا ہے ۔اس موقع پر چیئرمین پاکستان کونسل فار سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس محمد اعجاز نوری، سابق ممبر پنجاب اسمبلی طاہر محمود ہندلی ، ڈی جی دعوہ اکیڈمی فیصل مسجد ڈاکٹر محمد الیاس ، حریت رہنمائوں غلام محمد صفی اور محمد رفیق ڈار ، سابق چیئر مین پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ارشد نیازی ، صدر پی ایف یو جے محمد افضل بٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔