سرینگر:(نمائندہ خصوصی )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ممتاز کشمیر رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ مولوی محمد فاروق کو نامعلوم مسلح افراد نے21مئی 1990کو سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر گولی مار کر شہید کر دیا تھا، اسی روز بھارتی فوجیوں نے سرینگر کے علاقے حول میں ان کے جلوس جنازہ پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 70سے زائد نہتے شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔ بارہ سال بعد 21مئی 2002کو خواجہ عبدالغنی لون کو نامعلوم حملہ آوروں نے اس وقت شہید کر دیا جب وہ سرینگر کے مزار شہداء میں ایک اجتماع سے خطاب کے بعد واپس جا رہے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق اور شہید خواجہ عبدالغنی لون کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو عوام کی خواہشات کے مطابق اور پرامن طریقے سے حل کرنے کا ان رہنمائوں کا راستہ ہی آگے بڑھنے اور خطے میں امن وخوشحالی کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جابرانہ طرز حکمرانی، طاقت کے وحشیانہ استعمال یا لوگوں کو ڈرانے دھمکانے سے تنازعہ کشمیر مزید پیچیدہ بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو درپیش مشکلات اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ان کی طرف سے دی گئی قربانیاں کشمیریوں کو مسلسل یاد دہانی کراتی ہیں کہ اس تنازعے کو ہرصورت حل کرنا ہوگا اور کشمیریوں کے جذبات کا احترام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ گرفتاریاں اورنظربندیاں اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے مقصد اور قائدین کے دکھائے گئے راستے پر گامزن رہیں گے۔حریت ترجمان نے افسوس کا اظہارکیا کہ قابض حکام نے طاقت کے وحشیانہ استعمال اورڈرادھمکاکر لوگوں اور قیادت کے انفرادی یا اجتماعی اظہاررائے پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے اورانہیں سیاسی سرگرمیوں کی کوئی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ مولوی عمر فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول سمیت کشمیری شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتی۔دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے ممتاز کشمیری رہنمائوں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حصول منزل تک شہداء کے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کااعادہ کیاہے۔ میرواعظ مولوی محمد فاروق ، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کے یوم شہادت کے موقع پر 21مئی بروز منگل مقبوضہ جموںوکشمیراورآزادجموں وکشمیر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیاجائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں ایک بیان میں میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے کشمیرکے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور تحریک آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھا جائے گا۔