سرینگر:: (نمائندہ خصوصی )بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کولگام میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداءکے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے کولگام کے علاقے ریڈوانی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے3 نوجوانوں کو شہید اور متعدد رہائشی مکان تباہ کر دیے تھے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈو عبدالرشید منہاس نے باسط احمد ڈار اور دیگر دو نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ءکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انکے مشن کو مقصد کے حصول تک عزم وہمت سے جاری رکھیں۔ترجمان نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروںکے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی فوجیوں کی دہشت گردی کی ایک واضح مثال ہے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارت حکومت نے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف اپنی چیرہ دستیوںمیں تیزی لائی ہے اور وہ انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے پر تلی ہوئی ہے، کشمیریوں کے گھر ، زمینیں اوردیگر املاک مسلسل ضبط کیے جا رہے ہیں جسکا بنیادی مقصد غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف آواز اٹھانے پر انہیں سزا دینا ہے۔ ترجمان نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماﺅں ، کارکنوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظر بندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری جنگی جرائم کا نوٹس لیے اور تنازعہ کشمیر کے عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے اس پر دباﺅ ڈالیں۔