اسلام آباد:آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا انتخابات جیتنے کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پروحشیانہ مظالم کررہا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہاکہ مودی حکومت ہندوتوا پالیسی پرعمل پیرا ہے اورالیکشن جیتنے کیلئے ہر ہتھکنڈہ استعمال کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان حالات میں اوورسیز کشمیریوں کو بالخصوص امریکہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو متحرک ہو کر عالمی برادری کے سامنے بھارت اور مودی حکومت کے ان مذموم عزائم کوبے نقاب کرنا چاہیے ۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے پر امریکہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل اور بالخصوص مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وبربریت کے خلاف عالمی فورموں پر انتہائی متحرک طریقے سے آواز بلند کی ہے اور دنیا کی توجہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق خودارادیت دلوانے کی طرف مبذول کرائی ہے۔ سردار ذوالفقار روشن کی قیادت میں وفد نے اس موقع پرکہا کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مظلوم کشمیری عوام کی حمایت کی ہے اور دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے کیلئے بھرپور انداز میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے ۔