مظفرآباد:(نمائندہ خصوصی )
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے راجوری ، پونچھ اور بانڈی پورہ اضلاع میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے 100سے زائد بے گناہ کشمیریوں کی گرفتاریوں کے خلاف مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا کشمیرمیڈیاروس کے مطابق پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور انہوں نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی ظلم و تشدد کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے "بھارتی دہشت گردی نامنظور،کشمیری قیدیوں کو رہا کرو،جس کشمیر کو خون سے سینچا وہ کشمیر ہمارا ہے”جیسے فلگ شگار نعرے بلند کئے ۔ مظاہرے سے پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمدغزالی ، حریت رہنما مشتاق الاسلام ، سیکرٹری جنرل بار کونسل سید عبدالصمد ، جماعت اسلامی کے رہنما خالد محمود زیدی ، عثمان علی ہاشم محمد اقبال میر ، محمد اسلم انقلابی اوردیگر نے خطاب کیا، مقررین نے کہاکہ بھارتی قابض فوجیوں اورپولیس اہلکاروں نے بانڈی پورہ اور راجوری اضلاع میں جاری محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کے دوران 100سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف ضلع راجوری کے علاقے شاہدرہ سے کم سے کم 70 سے زائد غیر قانونی گرفتاریاں کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کی بھارتی حکومت جموں وکشمیر کے مسلم تشخص کو تبدیل کرنے کیلئے نہتے کشمیریوں بدترین مظالم کا نشانہ بنارہی ہے ۔ مقررین نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیا واچ اور دیگر سے اپیل کی کہ وہ بھارتی جیلوں میں نظربند بے گناہ کشمیریوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں ۔