مظفر آباد( نمائندہ خصوصی) 21 مئی 1990ء کو میرواعظ کشمیر مولانا محمد فاروقؒ جیسی ہردلعزیز شخصیت کا بہیمانہ قتل حزب المجاہدین کی طرف منسوب کرنا ہمالیہ سے بڑا جھوٹ اور آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے۔ شہید میرواعظ کا قتل ایک طے شدہ منصوبے کے تحت انہی قابض فوجی حکمرانوں اور ایجنسیوں نے کروایا جنہوں نے بعد میں شہید کے جنازے پر بھی اندھا دھند فائرنگ کرکے 60 سے زائد شرکاء جنازہ کو بے دردی سے شہید کیا۔قابض حکمران کذب بیانی سے اپنے سیاہ کارناموں کو چھپا نہیں سکتے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب یہ اندوہناک واقعہ ہوا تو اس وقت کی سیاسی و عسکری قیادت سمیت پوری قوم نے اس حقیقت کو سمجھا کہ میرواعظ مولانا محمد فاروق ؒکا قتل دراصل تحریکِ آزادی کو باہمی انتشار و اختلاف اور خونریزی کی نذر کرنے کا گھناؤنا بھارتی منصوبہ تھا جو الحمد للہ ناکام ہوا۔کشمیری قوم متحد ہے اور کوئی بھی سازش اس قوم کے اتحاد کو پارہ پارہ نہیں کر سکتی۔