سرینگر:(نمائندہ خصوصی )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پورے عالم اسلام اور جموںوکشمیر کے مسلمانوں کو دلی مبارک باد پیش کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد جیسے اہم دینی فریضے پر بھی اپنی توجہ مرکوز کرے کیونکہ جہاں ہم اپنی ذاتی ذمہ داریوں سے عہدہ برآں ہونے کی کوشش کررہے ہیں وہیں سماج کے ان تمام لوگوںکو جو ہماری توجہ اور امداد کے مستحق ہیں ان کے امداد اور تعاون کا فریضہ ادا کرنا بھی ہماری دینی ذمہ داریوں میں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ عید ہم سب کیلئے خوشی ، مسرت ، امن و سکون کا پیغام لیکر آئے اور اللہ تعالیٰ اس عظیم ماہ مقدس کے صدقے ہماری جملہ مشکلات کو آسان فرمائیں۔ آمین۔ادھرانجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اعلان کیاہے کہ مرکزی جامع مسجد میں عیدکی نماز صبح ساڑھے 9بجے ادا کی جائیگی جبکہ میرواعظ عمر فاروق ساڑھے 8بجے خطبہ عید دیں گے ۔دریں اثناء انجمن نصر الاسلام سرینگر نے نصر الاسلام ٹرسٹ اسلام آباد کے نائب صدر ثنا اللہ کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں انجمن نے مرحوم کی مخلصانہ خدمات کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی خدمت کے عظیم مقصد کیلئے وقف کررکھی تھی۔