جموں:(نمائندہ خصوصی )بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے واضح کیا ہے کہ انکی جماعت مقبوضہ علاقے میں کانگریس کے ساتھ مل کر لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے گی ۔کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق عمر عبداللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی جموں و کشمیر کی تمام سیٹوں پر کانگریس کے ساتھ مل کر لوک سبھا انتخابات لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس انڈیا اتحاد کا حصہ ہے اس لئے ہم لوک سبھا انتخابات میںکانگریس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے ۔وادی کشمیر کی تین سیٹوں پر کانگریس نیشنل کانفرنس کی حمایت کریگی جبکہ نیشنل کانفرنس جموں اور ادھمپور کی نشستوں پر کانگریس کوی حمایت کریگی۔عمر عبداللہ نے بھارتی قابض انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ انکی پارٹی کے امیدوار کو مناسب سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ انکی پارٹی کے لیڈروں کو ہراساں کر رہی ہے اور ہمارے پروگراموں میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔