سرینگر(نمائندہ خصوصی ): کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکوم منظم طریقے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے قدرتی وسائل کا استحصال کر رہی ہے تاکہ کشمیری عوام کی معاشی تباہی کی طرف دھکیلا جائے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت کشمیریوں کو سیاسی، آئینی، ثقافتی اور معاشی طور پر کمزور کرنے کے لیے کثیر جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019 کو علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے اس عمل میںتیز ی لائی گئی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارت 1947سے مقبوضہ جموں وکشمیرکے پانی، معدنیات، جنگلات اور دیگر وسائل کا استحصال کر رہا ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کو معاشی طورپر بھارت پر انحصار کرنا پڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے کشتواڑ کے رتلے بجلی منصوبے کی بجلی لیز پر دینے اور ریاسی میں لیتھیم کے ذخائر کی دوبارہ نیلامی سے اس عمل کو مزید تیز کر دیا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیری عوام کے قدرتی وسائل سے فائدہ اٹھانے کے لیے معاہدوں کی آئوٹ سورسنگ پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔حریت ترجمان نے کہاکہ اس طرح کے استحصال سے بی جے پی کے حامی سرمایہ داروں کو فائدہ ملتا ہے اور خطہ معاشی پسماندگی کی طرف چلاجاتاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرکے قدرتی وسائل کی لوٹ مار کرکے علاقے کو جان بوجھ کر پسماندگی کی طرف دھکیل رہا ہے تاکہ خطے پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھ سکے۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ اپنی زمینوں اور قدرتی وسائل پر کشمیریوں کے حقوق کا احترام کرے۔