سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک )غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں تعینات بھارتی قابض افواج میں خودکشیوں کے رحجان میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ بھارتی فوجیوں کا ذہنی توازن بگڑنے لگا ہے اور مختلف نفسیاتی امراض کا شکار ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 27مارچ کو جموں و کشمیر کے ضلع شوپیاں میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے گولی مار کر خودکشی کی۔ مقبوضہ کشمیر میں تعینات قابض بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے خودکشی کے واقعات عام ہیں ۔ جنوری 2007 سے اب تک مقبوضہ وادی میں 596سے زائد بھارتی فوجی خودکشی کر چکے ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج میں خودکشی کے بڑھتے رجحان پر بھارتی اور بین الاقوامی میڈیا بھی اپنی تشویش کا اظہارکرچکا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق جموں و کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم سے بھارتی فوجی بھی نالاں ہیں اور ناقص پالیسیوں سے تنگ آکرذہنی تنائو کا شکار ہو رہے ہیں اور اپنی جانیں لے رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائیٹرز کی اطلاعات کے مطابق اس وقت مقبوضہ کشمیر میں موجود بھارتی فورسز کے نصف سے زائد اہلکار شدید ذہنی تنائو کا شکار ہیں۔