سرینگر(نمائندہ خصوصی): انسٹی ٹیوٹ اینڈ ڈاکومینٹیشن سینٹر(آئی ڈی سی)نے ممتاز کشمیری قانون دان اور انسانی حقوق کے کارکن ایڈوکیٹ جلیل احمد اندرابی کی آج ان کے28ویں یوم شہادت پرشاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جلیل احمد اندرابی کو میجر اوتار سنگھ کی قیادت میں بھارتی فوجیوں نے 8مارچ 1996کو سرینگر میں دن دیہاڑے گرفتار کیا اور 20دن بعددوران حراست تشدد کا نشانہ بناکر شہیدکیاتھا۔انسٹی ٹیوٹ اینڈ ڈاکومینٹیشن سینٹرکے چیئرمین پروفیسر فرحان علی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں انسانی حقوق بالخصوص 1994 میں جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے سالانہ کنونشن میں شرکت کے لیے جلیل اندرابی کے عزم کو اجاگر کیاجہاں انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا۔بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق اور سیاسی کارکنوں کے اغوا، تشدد اور قتل کے لئے بھارتی فوجیوں، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کو ذمہ دارقراردیتے ہوئے کہاگیاکہ جلیل اندرابی اور دیگر کارکنوں کا وحشیانہ قتل کشمیریوں کی اجتماعی یادداشت میں پیوستہ ہے ۔آئی ڈی سی چیئرمین نے جلیل اندرابی کے قتل کو ماورائے عدالت قتل کا واضح کیس قرار دیا اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری ریاستی دہشت گردی کو کشمیریوں کے خلاف بھارتی کی استعماری ذہنیت اور دشمنی کا ثبوت قرار دیا۔