تیتری نوٹ آزادکشمیر: (نمائندہ خصوصی )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرکے ضلع پونچھ سے 03فروری کو غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرکے عباس پورآزادکشمیر میں اپنے رشتے داروں کے پاس پناہ لینے والی دو بچیوں کی ماں 22 سالہ شبنم کو آج بھارتی حکام کے حوالے کر دیاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلعی انتظامیہ راولاکوٹ نے مذکورہ خاتون کو تیتری نوٹ کراسنگ پوائنٹ پر پاک فوج کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ راولاکوٹ نے شبنم کو الوداع کہا جبکہ اس موقع پر اے ڈی سی پونچھ عمر فاروق ،محکمہ سماجی بہبود کی خاتون سربراہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر پونچھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون کی باعزت واپسی پر خوشی کا اظہارکیا اور کہا کہ مذکورہ خاتون اپنی ڈیڑھ سالہ بچی کے ساتھ غلطی سے کنٹرول لائن عبور کرکے عباس پور آگئی تھی جسے مقامی انتظامیہ نے اس کے حقیقی ماموں نذیر احمد اصلاحی اور ان کے بیٹے جاوید سحر کے حوالے کیاتھا ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ نے کنٹرول لائن کے اس پاراپنے ہم منصب اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ خاتون سے مشفقانہ سلوک کریں ۔