سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک )مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں دانستہ طورپر تاخیر کر رہی ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے اسلام آباداور راجوری کے پارلیمانی حلقے کے لیے پارٹی کی انتخابی مہم کے آغاز کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جموں وکشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ کشمیر اسمبلی کے انتخابات کا اانعقاد بھی چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں دانستہ طورپر تاخیر کر ہی ہے کیونکہ وہ دوبارہ اقتدار عوام کے حوالے نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں کسی کو جواب دہ نہیں ہے ۔قبل ازیں ضلع کولگام کے علاقے دمہال ہانجی پورہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹس کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے انعقاد میں سیکورٹی اور حالات کا بہانہ بنا کر رکاوٹیں ڈال رہے ہیں جبکہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں صورتحال معمول پر آنے کابیانیہ دوہرا رہی ہے ۔ تاہم عمر عبداللہ نے واضح کیاکہ الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق رواں سال 30ستمبر تک اسمبلی انتخابات کرانے کا پابند ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ نے دفعہ370کی منسوخی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی تھیں