سرینگر ( نمائندہ خصوصی )پاکستان کی طرح غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھی رمضان المبارک کا چان نظر آگیا ہے اور کشمیری عوام پہلا روزہ کل منگل کو پاکستان کے ساتھ رکھیں گے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم ، مفتی ناصر الاسلام نے سرینگر میں ایک بیان میں رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ میرواعظ عمر فاروق، مولانا رحمت اللہ اور دیگر علما کرام پر مشتمل 10 رکنی کمیٹی نے بڑی تعداد میں چاند نظرآنے کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آغاز ہو گیا ہے اور12مارچ بروز منگل کو پہلا روزہ ہوگا۔ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں جموں و کشمیر کے مسلمانوں اور امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی آمد پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ رمضان ہمیں اللہ تعالی کی قربت حصل کرنے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام رمضان کے روزے اور عیدین پاکستان کے ساتھ مناتے ہیں۔