اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )اسلام آباد میں منعقدہ ایک آن لائن سیمینار میں ممتاز کشمیری رہنما اورورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے بانی رہنما ڈاکٹر ایوب ٹھاکر کو ان کی 20ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار سے جماعت اسلامی پاکستان کے سینئررہنما ،ماہر معاشیات اور انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر خورشید احمد، آئی پی ایس کے چیئرمین خالد رحمن، ریسرچ اینڈ اکیڈمک آئوٹ ریچ کے ایڈوائزرپروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام،ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے صدر مزمل ایوب ٹھاکر، کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر،حریت رہنما غلام محمد صفی، لیگل فورم فارکشمیر کے ڈائریکٹر ناصر قادری ایڈووکیٹ، جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے رہنما عبدالرشید ترابی،ورلڈکشمیر اوئرنیس فورم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی اورورلڈکشمیر اوئرنیس فورم کے صدر ڈاکٹر غلام احمد میرنے بھی خطاب کیا۔ پروفیسر خورشید احمد نے کہاکہ محمد ایوب ٹھا کر کا وژن تھا کہ کشمیر کی آزادی، پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق اور اسلام کی عظمت کے لیے جدوجہد جاری رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وژن کے اثرات عالمی سطح پر کشمیر کی تحریک کو مضبوط بنانے میں کسی بھی فرد یا گروہی کوشش سے زیادہ گہرے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ایوب ٹھاکر کو بصیرت افروز رہنما کے طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف مسلم کمیونٹی کو متحرک کیا بلکہ سیاسی، سفارتی اور علمی حلقوں میں عالمی سطح پر کشمیر کے کاز کی نمائندگی کی۔ ڈاکٹر ٹھاکر نیوکلیئر فزکس میں پی ایچ ڈی تھے لیکن انہوں نے اپنی زندگی دنیا بھر کی مظلوم برادریوں خصوصا مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے جدوجہد کے لیے وقف کردی۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ ایوب ٹھا کر کی وجہ سے عالمی اسکالرز نے کشمیر کا حقیقی تناظر پیش کرنا شروع کیا۔ محمود ساغر نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرنے کے لئے بیان بازی سے بالاتر ہو کر بھرپور اور ٹھوس سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ٹھاکر جیسے لیڈروں کی کوششوں اور مشن کو جاری رکھنا اور اس کی حفاظت کرنا ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔